IQNA

15:28 - November 06, 2018
خبر کا کوڈ: 3505319
بین الاقوامی گروپ- مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ جو لوگ مولانا سمیع الحق کے قریب تھے وہی ان کے قتل میں بھی ملوث ہوسکتے ہیں.

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق کالعدم اہلِ سنت والجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے حکومت سے جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو فوری بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے کہ انہیں ان کے اپنے لوگوں نے قتل کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہلِ سنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے دین اسلام اور ملک کے لیے مولانا سمیع الحق کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق نے ملک میں مدرسوں کا نیٹ ورک بڑھانے اور اسے منظم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اہلِ سنت والجماعت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے مدرسے سے متعدد طالبِ علموں نے تعلیم حاصل کی جن کی ایک بڑی تعداد افغانستان میں جنگ میں کار بند ہے اور ان ہی میں سے متعدد اہم طالبان رہنما بھی ہیں۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ کو ان کے گھر پر چھریوں کے وار سے زخمی کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (س) اور اہلِ سنت والجماعت دونوں ہی دفاع پاکستان کونسل میں موجود ہیں، جس میں پاکستان کی درجنوں دوسری مذہبی جماعتیں بھی شامل ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران مولانا احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کو قتل کرنے والوں اور اس مذموم کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے، چاہے وہ ان کی اپنی جماعت کے ہی لوگ کیوں نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ ان کے اور ان کی جماعت کے لیے ایک اہم ترین شخصیت تھے۔

اہلِ سنت والجماعت کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے میں ناکام ہوگئی تو ان کی جماعت دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ جو لوگ مولانا سمیع الحق کے قریب تھے وہی ان کے قتل میں بھی ملوث ہوسکتے ہیں لیکن جو بھی اس میں ملوث ہو اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر روز دیا کہ خدشہ ہے کہ ان کے اپنے ہی لوگوں نے انہیں قتل کیا، تاہم یہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

نام:
ایمیل:
* رایے: